بابراعظم کی لگاتار دوسری سنچری، آسٹریلیا کو شکست، سیریز پاکستان کے نام


لاہور: تیسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز دو ایک سے جیت لی۔

قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کی جانب سے دیا گیا 211 رنز کا ہدف اننگز کے 37 ویں اوور میں بابراعظم کی شاندار سنچری اور امام الحق کی نصف سنچری کی بدولت حاصل کر لیا۔

بابراعظم 105 اور امام الحق 89 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ قومی ٹیم کی واحد وکٹ فخر زمان کی گری جو 17 رنز پر ایلس کا نشانہ بنے۔

یہ بھی پڑھیں: عمر گل افغانستان ٹیم کےبولنگ کوچ مقرر

اس سے پہلے پاکستان کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کے خلاف فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن آج پاکستانی بولرز کی اچھی گیند بازی کے آگے لڑکھڑا گئی اور 41  اوورز میں 210 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے پہلی ہی گیند پر ٹریوس ہیڈ کو بولڈ کردیا جبکہ اگلے ہی اوور میں حارث رؤف ایرون فنچ کی وکٹ لینے میں کامیاب ہو گئے۔

چھٹے اوور میں حارث رؤف کی گیند پر مارنوس لابوشین 4 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ بارہویں اوور میں زاہد محمود کی گیند پرمرقس 19 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ 13 اوور کے اختتام تک آسٹریلیا نے صرف 60 رنز اسکور کیے تھے۔

ٹیم کے 67 رنز کے مجموعی اسکور پر آسٹریلیا کا پانچواں کھلاڑی بھی آؤٹ ہوگیا۔ بین میکڈرمٹ 36 رنز بناکر محمد وسیم کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

شین ایبٹ نے آخر میں 49 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور ٹیم کا  ٹوٹل  210 رنز تک پہنچایا۔

پاکستان کی جانب سے حارث اور وسیم نے تین تین جب کہ شاہین نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

خیال رہے کہ پاکستان نے 20 سال بعد آسٹریلیا کو ایک روزہ سیریز میں شکست دی ہے۔

 


متعلقہ خبریں