اسلام آباد: وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو کوئی نہیں ہٹا سکتا۔
وزیر دفاع پرویز خٹک نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کو تکلیف یہی ہے کہ وزیر اعظم ملک کو آگے لے جانا چاہتے ہیں اور وہ ملک کو چوروں اور لٹیروں سے بچانا چاہتے ہیں۔ یقین دلاتا ہوں عمران خان نہیں جا رہے اور کوئی عمران خان کو ہٹا بھی نہیں سکتا۔
انہوں نے کہا کہ جن کے ہاتھ میں اختیارات ہیں وہ بھی واپس چلے جائیں گے، ہمیں بلیک میل کیا گیا، ہمارے ساتھ بلیک میلرز اراکین قومی اسمبلی تھے جو چھوڑ کر چلے گئے لیکن ہمیں تحریک انصاف کا کوئی رکن چھوڑ کر نہیں گیا۔ جب یہ عوام میں جائیں گے تو ان کو بے عزت کیا جائے گا، ان پر کالا رنگ ڈالا جائے گا۔
پرویز خٹک نے کہا کہ عوام کو ایماندار لیڈرعمران خان کا ساتھ دینا ہو گا اور عمران خان ملک کو لٹیروں سے پاک کرانا چاہتے ہیں۔
وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تو پارٹی شروع بھی نہیں ہوئی۔ عمران خان صرف پاکستان کا نہیں بلکہ امت مسلمہ کا لیڈر بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے سندھ کے اسکول اور اسپتال تباہ کر دیئے۔ 3 چوہوں میں سے ایک چوہا سندھ کی گندم کھا گیا اور چوہے مافیا کا نام آصف زرداری ہے۔ ان چوہوں کا علاج صرف ایک ہی شخص کے پاس ہے جس کا نام عمران خان ہے۔
علی زیدی نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی اتنا ٹیکس جمع نہیں ہوا جتنا آج ہوا اور فخر ہے عمران خان ان چوہوں جیسا لیڈر نہیں ہے۔ عمران خان کی قیادت میں ان چوہوں کا شکار کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں پی ٹی آئی کی حکومت لا کر سندھ کے عوام کو بھی صحت کارڈ دیں گے اور یہ تین چوہے ایبسلوٹلی ناٹ سے گھبراتے ہیں کیونکہ ان کی جائیدادیں باہر ہیں۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے اور ضمیروں کی بولیاں لگانا جمہوریت نہیں ہے۔ اصل جمہوریت عوام اور فیصلہ بھی عوام کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ کئی دہائیوں سے پیسے لگا کر حکومت بناتے ہیں اور عوام نے ثابت کردیا ہے کہ اگر ملک میں کوئی لیڈر ہے تو وہ عمران خان ہے۔ پاکستان کےعوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا وہ عمران خان کے ساتھ ہیں اور یہ جو لندن کے فلیٹ ہیں یہ کہاں سے آئے آج تک نہیں بتا سکے۔
شفقت محمود نے کہا کہ چھوٹے میاں کے چپڑاسیوں کے پاس بھی اربوں روپے ہیں۔ فضل الرحمان نے مشرف سے ڈی آئی خان میں ہزاروں ایکڑ زمین لی اور آصف زرداری کی ساری دنیا میں مسٹر ٹین پرسنٹ کے نام کی شہرت ہے اب ان کو دوبارہ موقع دینا ایسا ہے کہ چور کو دوبارہ گھر میں بٹھالیں۔
انہوں نے کہا کہ سب سے بڑا انتشار انہوں نے پھیلایا جب غریب اور امیر کے لیے الگ الگ اسکول بنا دیئے گئے۔ ہم نے تعلیمی نصاب ایک کر دیا اور ہم نے صحت کارڈ دے کر غریب کی خدمت کی۔