سرپرائز سے پہلےسرپرائز : وزیراعظم کے مشیر شاہ زین بگٹی کا حکومت سے علیحدگی کا اعلان


اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر شاہ زین بگٹی نے حکومت سے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیر اعظم کے سرپرائز دینے کا وقت ختم ہو گیا۔

عوامی جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی شاہ زین بگٹی نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے بعد اپوزیشن کی حمایت کرتے ہوئے حکومت سے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔

شاہ زین بگٹی نے بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی کابینہ سے استعفیٰ دینے کا اعلان کرتا ہوں۔

حکومتی اتحادی شاہ زین بگٹی نے بلاول بھٹو کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم حکومت کے ساتھ ساڑھے تین سال چلے لیکن اب ہم پی ڈی ایم کے ساتھ ہیں۔ سیاست میں اخلاقیات سے باہر گفتگو نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے سوائے وعدوں کے کچھ نہیں کیا۔ حکومت نے تبدیلی کا نعرہ لگایا تھا اور وزیر اعظم نے کہا کہ بلوچستان اور جنوبی پنجاب پر فوکس کروں گا لیکن نہ وہ بلوچستان پہنچے نہ جنوبی پنجاب۔

یہ بھی پڑھیں: آج کی جنگ عمران خان کی نہیں بلکہ ہر پاکستانی کی ہے، شہباز گل

شاہ زین بگٹی نے کہا کہ ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال کو دیکھ رہے ہیں۔ عمران خان کو بلوچستان میں امن کو بحال کرنے کے لیے مینڈیٹ دیا گیا تھا۔ بلوچستان کو پر امن بنانے کی ہمیں ذمہ داری دی گئی وہ پوری کی۔

اس موقع پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شاہ زین بگٹی نے بہادرانہ فیصلہ کیا ہے۔ عمران خان نے اتحادیوں کو بھی استعمال کر کے کوئی وعدہ پورا نہیں کیا، وزیر اعظم اور اس کی حکومت کا اپنے اتحادیوں سے سلوک افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے اتحادیوں کو دھوکہ دیا۔ بلوچستان کے عوام کے ساتھ انصاف نہیں کیا گیا جبکہ بلوچستان کے مسائل بہت پیچیدہ ہیں اور ہمیں ملک کو مسائل سے نکالنے کے لیے مل کر محنت کرنا ہو گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دوسرے اتحادیوں سے ہماری اور دوسری جماعتوں کی ملاقاتیں جاری ہیں تاہم اتحادی فیصلے کر چکے ہیں اور اب وزیراعظم کا وقت ختم ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب سرپرائز کا وقت ختم ہو چکا ہے جبکہ پاکستانی عوام جانتے ہیں وہ کسی قسم کے پروپیگنڈے کا شکار نہیں ہوں گے۔


متعلقہ خبریں