اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ معیشت کے چلتے پہیے کے خلاف سازش ہو رہی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کے جلسوں کو ویلکم کرتے ہیں اور اب کل تاریخی جلسہ ہو گا۔ پورا ملک پی ٹی آئی کے رنگوں میں رنگا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات ہو گئی ہے اور ق لیگ سے ملاقات ہو رہی ہے۔ عدم اعتماد لاکر اپوزیشن والوں نے اچھا کام کیا اور چوری کے پیسے عدم اعتماد کامیاب بنانے کے لیے استعمال ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: 172 ممبران پارلیمنٹ لائیں آپ کو وزیر اعظم مان لیں گے، بلاول بھٹو
فواد چودھری نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے بعد دوسری بار خارجہ پالیسی آزاد ہے لیکن اب معیشت کے چلتے پہیے کے خلاف سازش ہو رہی ہے تاہم ہم سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے احکامات پر مکمل عمل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کل پرامن انداز میں اپنے لیڈر کو خراج تحسین پیش کریں گے۔ 4 منحرف اراکین رابطے میں ہیں اور جلد اچھی خبر آئے گی۔ شہریار آفریدی کی بات کو غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔