مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی طبیعت کی ناسازی کے باعث مسلم لیگ ن کا سوات جلسہ منسوخ کر دیا گیا۔
ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کے مطابق مریم نواز کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی ہے۔ تیز بخار کی وجہ سے ڈاکٹروں نے انہیں سفر سے منع کردیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ خیبرپختونخوا خاص طور پر اہل سوات سے معذرت خواہ ہیں۔ مریم نوازشریف کی صحت یابی کے لئے دعا کی اپیل کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ مریم نواز گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایون فیلڈ ریفرنس پر اپیل کی سماعت کے دوران عدالت پیش ہوئی تھی۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو بھی کی تھی۔
مریم نواز نے 24 مارچ کو حمزہ شہباز کے ہمراہ لاہور سے مارچ لے کر اسلام آباد کی طرف روانہ ہونا ہے۔
مسلم لیگ ن کی طرف سے پہلے سے جاری شیڈول کے مطابق کاروان 24 مارچ کو لاہور سے روانہ ہو گا اور مختلف مقامات پر قیام کرتا ہوا 27 مارچ کو اسلام آباد پہنچے گا۔