ہارس ٹریڈنگ کیخلاف صدارتی ریفرنس لانے کا فیصلہ،اپوزیشن مقصد میں کامیاب نہیں ہو گی، عمران خان


اسلام آباد: حکومت نے ہارس ٹریڈنگ کے خلاف صدارتی ریفرنس لانے کا فیصلہ کرلیا. وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن اپنے مقاصد میں کسی صورت کامیاب نہیں ہو گی۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ جس میں ہارس ٹریڈنگ روکنے کے لیے صدارتی ریفرنس لانے کا فیصلہ کیا گیا جو سپریم کورٹ کے 2018 کے فیصلے کی روشنی میں لایا جائے گا۔

اجلاس میں مختلف آئینی اور قانونی آپشنز پرغور کیا گیا۔ مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان اور اٹارنی جنرل نے وزیر اعظم کو بریفنگ دی۔ تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے مختلف آپشنز کا جائزہ لیا گیا۔

سیاسی کمیٹی نے وزیر اعظم کو اتحادیوں اور ارکان اسمبلی سے رابطوں پر بریفنگ دی جبکہ وزیر اعظم عمرا ن خان نے سیاسی کمیٹی کو رابطوں کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک عدم اعتماد، حزب اختلاف نے جلد ووٹنگ کیلئے درخواست دے دی

اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ یہ لوگ مائنس ون چاہتے ہیں لیکن ایسا کسی صورت نہیں ہو سکتا۔ اپوزیشن کا شکریہ یہ مائنس ون کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن اپوزیشن کے ایسے مطالبات سے ہم مزید مضبوط ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی وسائل ہونے کے باوجود کسی قسم کی خرید و فروخت میں شامل نہیں ہوں گے اور ہماری جماعت کسی صورت ضمیر خریدنے کے دھندے میں شامل نہیں ہو گی۔ ہم حق سچ کی جنگ لڑ رہے ہیں اللہ مددگار ہو گا۔

وزیراعظم عمران خان نے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کرنے کی ذمہ داریاں بابراعوان اور عامر محمود کیانی کو سونپ دی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ایسے اقدامات کریں گے کہ مستقبل میں کسی کو ہارس ٹریڈنگ کی جرات نہیں ہو گی۔


متعلقہ خبریں