پولیس گردی ہوئی تو نتائج کے ذمہ دار عمران خان، شیخ رشید ہوں گے


اسلام آباد: تین سابق وزرائے اعظم نے کہا ہے کہ سندھ ہاؤس میں پولیس گردی ہوئی تو نتائج کے ذمہ دار عمران خان اور وزیر داخلہ ہوں گے۔

تین سابق وزرائے اعظم نے سیکرٹری داخلہ، پولیس اور اسلام آباد انتظامیہ کے حکام کو خبردار کر دیا۔ سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف اور شاہد خاقان عباسی نے اپنا مشترکہ بیان جاری کر دیا۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سندھ ہاؤس میں پولیس گردی کی گئی تو نتائج کے ذمہ دار عمران خان اور وزیر داخلہ ہوں گے۔ سیکرٹری داخلہ، پولیس اور انتظامیہ کسی سیاسی عمل کا حصہ نہ بنیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے آئینی عمل میں پولیس اور انتظامیہ فریق بنی تو یہ آئین شکنی ہو گی جبکہ آئین شکنی کرنے اور ان کی مدد کرنے والوں کو سزا کے لیے تیار رہنا ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت نوکری بچانے کیلئے ایک ارب روپے دینے کو تیار ہے، شاہد خاقان عباسی

مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ ارکان قومی اسمبلی کے خلاف پولیس گردی پارلیمنٹ پر حملہ تصور ہو گا۔ عمران خان 172 ارکان لا نہیں پا رہے اور لوگوں کو اغوا کی تیاری کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اوچھے ہتھکنڈے اس بات کا اعلان ہیں کہ عمران خان اکثریت اور ایوان کا اعتماد کھو چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں