مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہم تحریک عدم اعتماد ذاتی خواہشات کےلیے نہیں لائے، عمران نیازی بھگوڑے تم ہو گے، ہم تمہیں بھاگنے نہیں دیں گے۔
شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو ایک وقت کی روٹی سے محروم کردیا گیا، حکمران ہر روز پیٹرول اور بجلی مہنگی کررہے ہیں، ریکو زیشن پر تمام جماعتوں نے دستخط کیے، پونے چار سال میں 22 کروڑ عوام کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کو مہنگائی کے طوفان میں پھنسا دیا گیا، لوگ وزیر اعظم اور حکومت سے جان چھڑانے کی دعائیں مانگ رہے ہیں، عمران خان خود کو عقل کل اورافلاطون سمجھتے ہیں، میں عمران خان کے لب و لہجے میں بات نہیں کرسکتا، عمران خان پاکستان کے مفادات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہے ہیں۔
قائد حزب اختلاف نے وزیراعظم کو ان کے وعدے بھی یاد کرائے کہا کہ عمران خان ورکنگ انوٹیشن پر امریکہ گئے تو کہا کہ دوسرا ورلڈ کپ جیت کر آیا ہوں، عمران خان دعوے کررہے تھے کہ مر جاوں گا آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاوں گا، عمران خان کا دعویٰ تھا کہ بیرون ملک بھیجے گئے پیسے واپس لاوں گا، کہاں گئے عمران خان کے وہ وعدے ؟
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کو ہوم ورک اور مخلص ٹیم کے ساتھ آنا چاہئے تھا، شاہد آفریدی
عدم اعتماد کی تحریک جمع کرائی تو عمران خان پاگل پن کی باتیں کررہے ہیں، میں، نواز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز نے جیلیں کاٹی ہیں، دوسرے جماعتوں کے رہنماوں نے بھی جیلیں کاٹی ہیں، عمران خان دھمکیاں دیتے ہیں کہ میں یہ کردوں گا وہ کردوں گا، ساڑھے 3 سال میں عمران خان نے کیا کیا ہے؟
شہباز شریف نے مزید کہا کہ سیاسی شہید وہ ہوتا ہے جس کو غیر جمہوری طریقے سے باہر کیا جائے، نواز شریف کو 2 دفعہ غیر جمہوری طریقے سے باہر کیا گیا، لیکن ہم عمران خان کوبھاگنے نہیں دیں گے۔
انہوں نے گزشتہ رات واقع پر بھی بات کی کہا پارلیمنٹ لاجز میں اسلام آباد پولیس نے جے یو آئی رہنماوں کو تشدد کا نشانہ بنایا،پارلیمنٹ لاجز میں جانے والے رضا کار تھے فورس نہیں تھے، ہم کہیں نہیں جائیں گے پاکستان میں ہی مریں گے۔
ہم آئینی اور قانونی طریقے سے معاملے کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں، عوام کا سمندر اب اپنا راستہ خود بنائے گا، مشورہ اور فیصلہ نواز شریف کا ہوگا، جو فیصلہ نواز شریف کو ہوگا ن لیگ اس پر عمل کرے گی۔