گورنر سندھ کی علیم خان سے ملاقات ختم: عمران اسماعیل سفارشات لیکر روانہ

گورنر سندھ کی علیم خان سے ملاقات ختم: عمران اسماعیل سفارشات لیکر روانہ

لاہور: گورنر سندھ عمران اسماعیل جہانگیر ترین گروپ میں شمولیت اختیار کرنے والے علیم خان سے مذاکرات کے بعد سفارشات لے کر روانہ ہو گئے ہیں۔ انہوں ںے روانگی سے قبل امید ظاہر کی ہے کہ وزیراعظم پیش کردہ سفارشات کو قبول کریں گے۔

علیم خان جہانگیر ترین گروپ میں شامل

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر سابق صوبائی وزیر علیم خان سے مذاکرات کے لیے خصوصی طور پرلاہور پہنچنے والے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ علیم خان پہلے بھی عمران خان کے ساتھی تھے اب بھی ہیں۔

قابل ذکر بات ہے کہ اس موقع پر علیم خان گورنر سندھ کے ہمراہ موجود نہیں تھے حالانکہ ذرائع ابلاغ سے بات چیت خود ان کی اپنی رہائش گاہ کے باہرہو رہی تھی۔

انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ دیرینہ دوست علیم خان کے پاس مذاکرت کے لیے آنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ جوسفارشات لے کر جا رہا ہوں، امید ہے وزیراعظم قبول کریں گے۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ایک سوال کے جواب میں اعتراف کیا کہ علیم خان اور جہانگیر ترین گروپ کے تحفظات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تحفظات دورکریں گے تو ہماری حکومت کا ہی فائدہ ہو گا۔

جہانگیر ترین گروپ کا تحریک عدم اعتماد میں مشروط حمایت کا فیصلہ

ہم نیوز کے مطابق گورنرسندھ نے کہا کہ علیم خان کے تمام تحفظات پارٹی کے حق میں ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے اندر ہم سب ایک پیج پر ہوں گے۔

قبل ازیں گورنر سندھ عمران اسماعیل لاہور پہنچے جہاں انہوں ںے طے شدہ شیڈول کے تحت جہانگیر ترین گروپ میں شمولیت اختیار کرنے والے علیم خان سے ملاقات کی۔ ملاقات علیم خان کی رہائش گاہ پر ہوئی۔

ہم نیوز نے اس سلسلے میں بتایا تھا کہ ہونے والی ملاقات میں عبدالعلیم خان کے پی ٹی آئی سے متعلق تحفظات پر گفتگو کی جائے گی۔

عدم اعتماد والے شوق پورا کر لیں، ہماری تیاری مکمل ہے،وزیر اعظم

واضح رہے کہ کچھ دیر قبل ہی ہم نیوز نے ذرائع سے بتایا تھا کہ جہانگیر ترین گروپ نے فیصلہ کیا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے خلاف اس وقت وزیراعظم کا ساتھ دیا جائے گا جب وہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی تبدیلی پر رضامند ہوں گے۔


متعلقہ خبریں