ماسکو: روس پر پابندیوں کی وجہ سے 5 سو ٹن روسی خلائی اسٹیشن کا ملبہ بھارت پر گرنے کا خدشہ ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روسی خلائی پروگرام کے سربراہ دیمتری روگوزین نے متنبہ کیا ہے کہ امریکی پابندیوں کے باعث روس کی خلائی پروگرام میں عدم شرکت کی وجہ سے 500 ٹن خلائی اسٹیشن کا ملبہ بھارت پر گر سکتا ہے۔
دیمتری روگوزین نے کہا کہ اگر اسپیس اسٹیشن مدار سے نکل گیا تو ملبہ چین اور بھارت پر گرے گا۔
انہوں نے کہا کہ امریکی پابندیوں کی وجہ سے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن میں روس کی شراکت داری ختم ہو جائے گی جو اس خلائی پروگرام کے لیے تباہ کن ثابت ہو گی۔
واضح رہے کہ روس، امریکہ، کینیڈا، جاپان اور متعدد یورپی ممالک خلائی پروگرام کا حصہ ہیں۔
گزشتہ روز امریکی صدر جو بائیڈن نے روس کے یوکرین پر حملے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ روس کو یوکرین پر بلا جواز حملے کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔
جو بائیڈن نے اعلان کیا تھا کہ روسی بینک کے 250 ملین ڈالرز کے اثاثے منجمد کیے جائیں گے، پابندیوں سے چار روسی بینک متاثر ہوں گے۔ روس کی برآمدات سمیت دیگر شعبوں پر بھی پابندیاں لگائیں گے۔