حزب اختلاف شوق سے آئے، ملے گا کچھ نہیں، شیخ رشید


اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حزب اختلاف والے شوق سے آئیں لیکن ملے گا کچھ بھی نہیں۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کل تاریخی دورے پر روس جا رہے ہیں جبکہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم 27 فروری کو پاکستان آ رہی ہے جس کی سیکیورٹی کے اقدامات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف والے بڑے شوق سے آئیں لیکن انہیں کچھ نہیں ملے گا اور وہ ساڑھے تین سال سے کہہ رہے ہیں کہ آج آ رہے ہیں کل آ رہے ہیں۔ انہیں اپنے 172 نمبرز پورے کرنے ہیں۔ توقع ہے پیپلز پارٹی ریلی کے دوران ذمہ داری کا مظاہرہ کرے گی۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ  ہمیں انداز ہے کہ 23 مارچ کو حزب اختلاف نہیں آئے گی اور اسلامی ممالک کی عالمی تنظیم (او آئی سی) وزرائے خارجہ کانفرنس کے موقع پر چھٹی ہو گی تاہم اگر حزب اختلاف 23 مارچ کو آبھی جائے تو شوق سے آئے۔ حزب اختلاف نے کارڈ چھپوائے ہیں تو عمران خان نے سینے کے ساتھ کارڈ لگائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف عدم اعتماد کی تحریک لا کر پھنس جائے گی اور سیاستدان کبھی دروازے بند نہیں کرتا۔ جہانگیر ترین سے 6 سال میں ملاقات نہیں ہوئی، وہ اچھے سیاستدان ہیں اور امید ہے جہانگیر ترین پارٹی کا ساتھ دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: آئین،قانون،جمہوریت کے دفاع کی جنگ لڑیں گے،مریم اورنگزیب

وزیر داخلہ نے کہا کہ سب سے ملاقاتیں ہو رہی ہیں اور جہانگیر ترین دوست ہیں اگر بات ہو تو حرج نہیں۔ ویسے بھی دوستوں میں اختلافات ہو جاتےہیں۔ عمران خان اور جہانگیر ترین پرانے ساتھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف والے عقل کے ناخن لے کیونکہ پھر یہ کہیں گے فون کالز آ گئی تھیں۔ بلاول بھٹو ضرور آئیں لیکن شیڈول شیئر کریں۔ راولپنڈی اسلام آباد پولیس مشترکہ کام کریں گی۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ کراچی گیا وہاں کے حالات ناقابل بیان ہیں اور بلوچستان میں بھی غیر ملکی اشاروں پر سرگرمیاں ہو رہی ہیں۔ حزب اختلاف والے پہلے ایک دوسرے کے خلاف تھے لیکن آج پیر پڑ رہے ہیں۔

انہوں نے سینئر صحافی محسن بیگ کے خلاف بات کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ محسن بیگ کا کیس عدالت میں ہے اس پر بات نہیں کروں گا۔ قلندر چھائیں گے اپوزیشن والے ختم ہوں گے۔


متعلقہ خبریں