پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آسٹریلوی کرکٹر جیمز فالکنر کے پاکستان سپر لیگ کھیلنے پر تاحیات پابندی لگا دی۔
پی سی بی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے جیمز فالکنر کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ایس ایل میں کبھی بھی کھلاڑیوں کی ادائیگی کا مسئلہ نہیں ہوا اور جیمز فالکنر کی ادائیگیوں کا معاملہ نہیں تھا۔
پی سی بی کے مطابق جیمز فالکنر کے برطانیہ کے اکاونٹ میں 70 فیصد ادائیگی کی گئی، انہوں نے جنوری 2022 میں پی سی بی کو نیا بینک اکاونٹ دیا اور پیسے نئے آسٹریلیوی اکاونٹ میں ٹرانسفر کرنے کا مطالبہ کیا۔
جیمز فالکنر نے پی سی بی سے ڈبل ادائیگی کرنے کا مطالبہ کیا جس پر پی سی بی کی جانب پہلے سے ادا شدہ رقم کی واپسی کا کہا گیا۔ جیمز فالکنر بضد رہے کہ ان کے آسٹریلیوی اکاونٹ میں بھی پیسے ٹرانسفر کیے جائیں۔
پی سی بی کے مطابق جیمز فالکنر کے ایجنٹ کو ان کے رویے کی اطلاع کی گئی، معاہدے کے مطابق 30 فیصد رقم کی ادائیگی پی ایس ایل کے 40 روز بعد کی جائیگی۔
جیمز فالکنر کے رویے کے بعد 30فیصد ادائیگی پر بھی نظر ثانی کی جائے گی۔