عمران خان نے پرانے پاکستان کو تباہ کر دیا، حمزہ شہباز


ملتان: مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران خان نے پرانے پاکستان کو تباہ کر دیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے جلال پور پیر والا میں کسان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی عوام کو لائنوں میں لگ کر آٹا لینا پڑتا ہے جبکہ کورونا کے دوران بخار کی دوائی مارکیٹ سے غائب ہو گئی اور آج کسان کھاد کے لیے ترس گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان عوام کے زخموں پر نمک چھڑکتے ہیں اور انہوں نے قوم کے ساتھ ظلم کیا ہے۔ حکومت نے عوام کو مہنگائی کی چکی میں پس دیا ہے اور حکومت نے آج پھر بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ حکومت نے کسان سے کھاد، غریب سے روٹی اور بچوں سے دودھ چھین لیا ہے لیکن اب ہم عوام کے ساتھ مل کر عمران خان کا بستر گول کریں گے۔ عمران خان نے اکاؤنٹ چھپائے اور منی لانڈرنگ کی۔ عمران خان نے قوم سے جھوٹ بولا، جھوٹے سبز باغ دکھائے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف عدم اعتماد پر کام کر رہے ہیں جس میں ضرور کامیاب ہوں گے۔ عمران خان نے پرانے پاکستان کو تباہ کر دیا ہے جبکہ نواز شریف نے کسانوں کو سستی بجلی اور کھاد پر سبسڈی دی۔

یہ بھی پڑھیں: حزب اختلاف کے پاس ووٹ مکمل ہوتے تو وہ حکومت میں ہوتے، وزیر خارجہ

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ہم نے جھوٹی تختیاں نہیں لگائیں بلکہ کام کیا ہے اور نہ ہم نے قوم سے جھوٹے وعدے کیے۔ ن لیگ کے دور میں 8 ہزار کلومیٹر کی سڑکیں بنائی گئیں اور اللہ نے ہمیں موقع دیا تو ترقی کا سفر دوبارہ شروع کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک کا سب سے بڑا مافیا عمران خان ہے جس نے عوام کی جیبوں سے اربوں روپے نکالنے پر وزیروں کو سرٹیفکیٹ دیے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ پنجاب میں لوگ لائن میں لگ کر آٹا، چینی خرید رہے ہیں اور مہنگائی پرعمران خان کہتے ہیں پاکستان سستا ملک ہے۔ عمران خان نے حزب اختلاف سے انتقام لیا۔


متعلقہ خبریں