رومان رئیس نے وکٹ حاصل کرنے کے باوجود جشن نہیں منایا


کراچی: ملتان سلطانز کے فاسٹ باؤلر رومان رئیس نے وکٹ حاصل کرنے کے باوجود جشن نہیں منایا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم ملتان سلطانز کے فاسٹ باؤلر رومان رئیس اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میدان میں اترے۔ اسی اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ رومان رئیس نے گزشتہ 6 سال پی ایس ایل کے میچز کھیلے تھے تاہم اس بار وہ ملتان سلطانز کا حصہ ہیں۔

پی ایس ایل سیزن 7 کا ایسا میچ جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان چھکوں، چوکوں کی بارش کر کے میچ کا نقشہ بدل رہے تھے ایسے میں رومان رئیس نے ان کی اہم وکٹ حاصل کر لی لیکن انہوں نے اہم کامیابی پر جشن نہیں منایا۔

شاداب خان 91 رنز کی بھرپور اننگز کھیل کر ملتان سلطانز کے ہاتھ سے میچ تقریباً چھین چکے تھے کہ ایسے میں رومان رئیس اہم کھلاڑی شاداب خان کی وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے اور ملتان سلطانز کو پھر سے میچ میں کامیابی کا موقع ملا۔

یہ بھی پڑھیں: ملتان سلطانز کی مسلسل چوتھی کامیابی، اسلام آباد یونائیٹڈ کو 20 رنز سے شکست

رومان رئیس نے اہم وکٹ لینے کے باوجود جشن نہ منانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ جس ٹیم کے ساتھ انہوں نے گزشتہ 6 پی ایس ایل کھیلے اور اس ٹیم نے ان کا کیریئر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس لیے شاداب خان کی اہم وکٹ لینے کے باوجود احتراماً جشن نہیں منایا۔

انہوں نے کہا کہ میں میچ سے قبل ہی ذہن بنا چکا تھا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کسی بھی کھلاڑی کے آؤٹ ہونے پر احتراماً جشن نہیں مناؤں گا کیونکہ اس ٹیم نے انہیں ہر مشکل وقت میں سپورٹ کیا تھا۔

رومان رئیس کا کہنا تھا کہ پروفیشنل ازم اپنی جگہ پر موجود تھا اور جس ٹیم کے لیے کھیل رہا تھا اس کی کامیابی کے لیے پورا زور لگا دیا تاہم اسلام آباد یونائیٹڈ سے جذباتی وابستگی اور احترام تھا اس کا بھی خیال رکھا۔


متعلقہ خبریں