نوازشریف کا بیانیہ ’ملک دشمنی‘ پر مبنی ہے، راجہ پرویز اشرف

پیپلزپارٹی چارج ہو چکی، ن لیگ سے ون آن ون مقابلہ ہے: راجہ پرویز اشرف

فائل فوٹو


لاہور: سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے الزام لگایا کہ نواز شریف کا بیانیہ ملک دشمنی پر مبنی ہے اور ایسے بیان سے اسرائیل اور بھارت خوش ہوتے ہیں۔

لاہور میں احتساب عدالت کے باہر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ ممبئی حملوں کے متعلق نوازشریف کا بیان افسوس ناک ہے۔ ایسا بیان دینا سابق وزیر اعظم کے شایان شان نہیں۔

راجہ پرویزاشرف کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان ملک کے دفاع اور دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہی ہیں۔ نواز شریف کو ملک دشمن بیانیے سے ہٹ جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن سے قبل ہی ن لیگ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہے جس کا فائدہ پیپلزپارٹی کو ہوگا۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف لوٹوں کی جماعت بن چکی ہے۔

اس سے پہلے راجہ پرویز اشرف لاہورکی احتساب عدالت میں گوجرنوالہ الیکٹرک پاور کمپنی( گیپکو) میں غیرقانونی بھرتیوں کے  کیس میں پیش ہوئے۔ عدالت نے گواہان کے پیش نہ ہونے پرکیس کی سماعت 30 جون تک ملتوی کر دی ہے۔

قومی احساب بیورو(نیب) کی جانب سے سابق وزیراعظم اور دیگر پر گیپکو میں 437 افراد کو میرٹ سے ہٹ کر بھرتی کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

نیب کا الزام ہے کہ راجہ پرویزاشرف نے اپنے دور اقتدار میں اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ایسے افراد کو نوکریاں فراہم کیں جنھوں نےدرخواستیں ہی نہیں دیں تھیں۔

احتساب عدالت نے 2017 میں سابق وزیراعظم سمیت سات افراد پر غیر قانونی بھرتیوں کے الزام میں فرد جرم عائد کی جبکہ ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا تھا۔

لاہورکی احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن کیس کی سماعت کی۔


متعلقہ خبریں