ایران سے جوہری معاہدہ توڑنے پر یورپ بھی امریکا کا مخالف

یورپی یونین نے امریکی فیصلے کی مخالفت کردی | urduhumnews.wpengine.com

صوفیہ: ایران پر پابندیوں کے معاملے پر یورپی یونین نے امریکی فیصلے کی مخالفت کردی جس کے بعد روایتی حلیف آمنے سامنے آ کھڑے ہوئے ہیں۔

بلغاریہ میں ہونے والے اجلاس میں یورپی یونین کے 28 رکن ممالک کے سربراہان نے ایران سے ہوئے جوہری معاہدے کو برقرار رکھنے پر مکمل اتفاق رائے کیا۔

اجلاس میں یورپی کمیشن کے سربراہ جان کلاڈ جونکر نے کہا کہ یورپی کمپنیوں کو امریکی پابندیوں سے بچانا کمیشن کی ذمہ داری ہے۔

جان کلاڈ جونکر کا کہنا تھا کہ یورپی کمپنیوں کو پابندیوں سے بچانے کے لیے 1996 سے غیر فعال قانون کو بحال کرنے کی ضرورت ہے۔

یورپی کونسل کے چیئرمین ڈونلڈ ٹسک کا کہنا تھا کہ ایٹمی معاہدے کے متعلق امریکہ کے فیصلے کے خلاف یورپی یونین کو ڈٹ جانے کی ضرورت ہے۔

ڈونلڈ ٹسک نے یقین دہانی کرائی کہ جب تک ایران ایٹمی معاہدے کی پاسداری کرے گا، یورپی ممالک کے رہنما بھی اس معاہدے سے متعلق اپنے وعدوں پر قائم رہیں گے۔ یورپی کمیشن کی جانب سے 1996 کے قانون کو جلد ہی فعال کیا جائے گا جس کے بعد یورپی کمپنیاں  اورعدالتیں امریکی پابندیوں کی تعمیل سے آزاد ہوجائیں گی۔

رواں ماہ امریکہ نے تہران سے کیا گیا عالمی جوہری معاہدہ توڑتے ہوئے ایران پر اضافی پابندیاں عائد کی تھیں اور ایران کے ساتھ تجارت کرنے والی کمپنیوں پر بھی پابندی لگانے کی دھمکی دی تھی۔


معاونت
متعلقہ خبریں