پاک فوج کے کور کمانڈرز نے واضح کیا ہے کہ سیالکوٹ جیسے واقعات پر زیرو ٹالرنس کا مظاہرہ کیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کی زیر صدارت کورکمانڈرز کا اجلاس ہوا جس میں خطے کی صورتحال اور قومی سلامتی کے امور پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں کور کمانڈرز نے سیالکوٹ واقعے کی مذمت کی اور ملک سے دہشتگردی اور شدت پسندی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملک میں امن خراب کرنے کی سازشیں ناکام بنائی جائیں گی،کور کمانڈرز کانفرنس
آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈرز نے کہا کہ تشدد پسندانہ اور دہشتگردانہ عناصرکے لیے قطعی تحمل کا مظاہرہ نہیں کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے ملکی سرحدی صورتحال اور سیکیورٹی اقدامات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ افغانستان کی صورت حال میں بہتری کیلئے عالمی سطح پر کوششوں کی ضرورت ہے۔
کور کمانڈرز کانفرنس میں افواج کی تربیتی اور پیشہ وارانہ امور پر اظہار اطمینان کیا گیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ ٹیکنالوجی پر منحصر مستقبل کی جنگوں کیلئے تیار رہنا از حد ضروری ہے۔