رمضان المبارک میں بجلی کی بندش،حکومتی دعوے دھرے رہ گئے


کراچی: رمضان المبارک کا آغازکراچی میں بڑھتی بجلی کی بندش (لوڈ شیڈنگ) کا سلسلہ نہیں رک سکا۔  محکمہ موسمیات نے بھی شہر کا درجہ حرارت 41 ڈگری تک پہنچنے کی ’نوید‘ سنائی ہے۔ ماہرین موسمیات ہفتہ اور اتوار کو موسم کے مزید گرم ہونےاور لو چلنے کے امکان کو بھی ظاہر کررہے ہیں۔

شہر قائد میں پہلی سحری کے دوران بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہی۔ جاری ’آنکھ مچولی‘ ان حکومتی دعوؤں کی قلعی کھول رہی تھی جن میں کہا گیا تھا کہ سحر اور افطار کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی۔

سحری کے علاوہ بھی سخت گرمی میں کے الیکٹرک نے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ تیکنیکی خرابی کے نام پر جاری رکھا جو گھنٹوں پر محیط رہا۔ بجلی کی طویل بندش شہریوں کے لیے اس لحاظ سے بھی تکلیف دہ ہے کہ رمضان المبارک کی تیاریوں کے سلسلے میں گھروں کے فرج اورڈیپ فریزر میں خواتین سامان تیار کرکے رکھتی ہیں جس کے خراب ہونے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔

روشنیوں کے شہر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق گارڈن، لیاقت آباد، گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا، لانڈھی، کورنگی اور سرجانی ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں کے مکینوں نے  بجلی کی بندش (لوڈشیڈنگ) کے باعث اندھیرے میں پہلا روزہ رکھا۔

بجلی کی غیر اعلانیہ بندش (لوڈشیڈنگ) کے باعث پورے شہر کو پانی کی فراہمی میں بھی سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ پانی کی عدم دستیابی، سخت گرمی اور رمضان المبارک کا مہینہ،تین ایسے بنیادی عوامل ہیں جنہیں دیکھ کر ٹینکرز مافیا نے منہ مانگے داموں پر ٹینکرز کی فراہمی کا سلسلہ شروع کررکھا ہے۔

اس سنگین صورتحال میں محکمہ موسمیات نے بھی خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ کراچی والوں کے لیے رمضان کا پہلا عشرہ گرم رہے گا۔ پیشنگوئی کی گئی ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران  شہر کا’پارہ‘ 41 ڈگری تک پہنچ جانے کا امکان ہے۔

کراچی میں ہوا کے کم دباؤ کے باعث سمندری ہواؤں کے رکنے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 48 گھنٹوں کے دوران شہر کا درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو سکتا ہے۔ امکان ظاہر کیا جارہا  ہے کہ رمضان کے پہلے ہفتے میں سورج کراچی والوں پر 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک قہر برسائے گا۔

محکمہ موسمیا ت کراچی کے ڈائریکٹر عبدالرشید کا کہنا ہے کہ بالائی سندھ پر ہوا کے کم دباؤ کے نتیجے میں سمندر کی جنوب مغربی سمت کی ہوائیں بند ہونے اور شمال مغربی سمت کی گرم اور خشک ہواؤں کے چلنے کا امکان ہے۔ جس کے باعث گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ ہفتہ نسبتاً گرم ہوگا۔


متعلقہ خبریں