بھارتی بالنگ کوچ نے ٹیم کی شکست کا انوکھا بہانہ ڈھونڈ لیا


ورلڈ کپ ٹی 20 کی فیورٹ بھارت ٹورنامنٹ سے ہی باہر ہو چکا ہے، جس کے لیے بھارتی بالنگ کوچ نے ٹاس کا بہانہ ڈھونڈ لیا ہے۔

بھارتی کوچ ‘بھارت ارن’ نے اگرچہ بھارتی ٹیم کی ناقص کارکردگی کا اعتراف کیا ہے، تاہم ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ  ٹی 20 ورلڈ کپ میں ٹاس نے بہت بڑا کردار ادا کیا ہے، خاص طور پر جب آپ دبئی اسٹیڈیم میں کھیل رہے ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب ہم نے آغاز کیا تو بھارت ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیم تھی لیکن یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ ہمیں پہلے دو میچز میں ہی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ جس نے ہمیں انتہائی نازک صورتحال میں ڈال دیا۔

انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ہم سیمی فائنل میں جانے کے لیے افغانستان کی حمایت کر رہے تھے، لیکن ویسا نہیں ہو سکا اور اب ہمیں حقیقت قبول کر کے آگے بڑھنا ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی کوچ روی شاستری عہدے سے فارغ

بھارتی کوچ  نے کھلاڑیوں کی خراب پرفارمنس کا ذمہ دار آئی پی ایل کو بھی ٹھہرایا، انہوں نے کہا کہ چھ ماہ فیلڈ میں رہنا آسان نہیں، آئی پی ایل اور ورلڈ کپ کے درمیان آرام کے لیے وقفہ مل جاتا توکھلاڑیوں کے لیے بہت اچھا ہوتا۔

یاد رہے گزشتہ روز نیوزی لینڈ نے افغانستان کو شکست دی تھی، ورلڈ کپ ٹی 20 کا فیورٹ بھارت ٹورنامنٹ سے ہی باہر ہو چکا ہے۔

ٹی 20 ورلڈ کے پہلے ہی میچ میں بھارت کو پاکستان سے 10 وکٹوں سے بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے بعد بھارت کو سنبھلنے میں اتنا وقت لگا کہ ٹورنامنٹ ہاتھ سے نکل گیا۔

بھارت نے ٹورنامنٹ میں دوسرا میچ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا جس میں بھی انہیں جیت نہ مل سکی۔ یاد رہے بھارت آج نمیبیا کے خلاف ٹورنامنٹ کا اپنا آخری میچ کھیل کر اپنے گھر روانہ ہو جائے گا۔

 

 

 

 

 

 


متعلقہ خبریں