جمعہ کو یوم یکجہتی فلسطین منانے کا اعلان


اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی  نے جمعہ 18 مئی  کو پاکستان بھر میں یوم یکجہتی فلسطین منانے کا اعلان کر دیا ہے۔

اس سے قبل ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کو ٹیلیفون کر کے او آئی سی کے غیرمعمولی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی، وزیر اعظم نے اجلاس میں شرکت کی دعوت قبول کرتے ہوئے ترک حکومت کی جانب سے اس  بروقت اقدام  کو سراہا۔

وزیراعظم نے اپنے ترک ہم منصب سے کہا کہ اسرائیلی فوجیوں کی کارروائیاں قابل مذمت ہیں اور پاکستان فلسطینیوں کی آزاد ملک کیلئے پرامن جدوجہد کی حمایت کرتا ہے۔

ترک حکومت کی درخواست پر 18 مئی کو او آئی سی کا غیرمعمولی اجلاس ہو رہا ہے جس میں اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں فلسطینیوں کے قتل عام سے پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔

پیر کے روزغزہ کی سرحد پر مظاہرہ کرنے والوں پراسرائیلی فوجیوں کی وحشیانہ فائرنگ سے 55 فلسطینی شہید اور تین ہزار کے قریب زخمی ہوگئے تھے جس کے خلاف پوری امت مسلمہ میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی تھی۔

 


متعلقہ خبریں