بالی ووڈ اداکار عامر خان کے نئے اشتہار کو مذہبی رنگ دے کر انتہا پسند ہندو رہنما نے اعتراضات اٹھا دیے۔
بالی ووڈ اداکار عامر خان نے حال ہی میں ایک اشتہار میں کام کیا ہے جس میں وہ ایک ٹائر کی مشہوری کرتے نظر آرہے ہیں۔ اشتہار میں انہوں نے سڑکوں پر پٹاخے نہ بجانے کا مشورہ دیا ہے۔
ٹائر کے اشتہار میں عامرخان میچ جیتنے کے بعد پٹاخے نہ بجانے کے متعلق آگاہی دے رہے ہیں۔ اشتہار میں عامر خان کہتے ہیں کہ اگر آج ہماری ٹیم چھکے چھڑاتی ہے تو ہم بھی پٹاخے چھڑائیں گے لیکن سوسائٹی کے اندر روڈ پر نہیں۔ کیونکہ روڈ گاڑی چلانے کے لیے ہے پٹاخے جلانے کے لیے نہیں۔
روڈ بلاک ہونے سے متعلق آگاہی پھیلانے والے ایک عام سے اشتہار کو بی جے پی رکن پارلیمنٹ اننت کمار ہیگڈے نے مذہبی رنگ دیتے ہوئے اس پر اعتراض اٹھایا ہے اور ٹائر کمپنی کے مینجر اور سی ای او کو خط لکھا ہے۔
خط میں بی جے پی رہنما اننت کمار کا کہنا ہے کہ اس اشتہار سے ہندوو کمیونٹی میں بے چینی پھیلی ہے۔ اشتہار پٹاخے بجانے کے باعث روڈ بلاک ہونے کے بارے میں پیغام دیتا ہے لیکن ایک اور اہم مسئلہ مسلمانوں کی جانب سے جمعہ کے روز نماز کے نام پر روڈ کو بلاک کرنا بھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کپڑوں کے اشتہار میں اردو کیوں بولی ؟ بھارتی انتہاپسند ناراض
انہوں نے بالی ووڈ کے مسلمان ہیروزکو نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بالی ووڈ کے اینٹی ہندو ہیروز کا ایک گروپ ہمیشہ ہندووں کے جذبات کو مجروح کرتا ہے اور کبھی اپنی کمیونٹی کے بارے میں بات نہیں کرتا۔
انہوں نے خط میں لکھا ہے کہ میں گزارش کرتا ہوں کہ اس خاص واقعہ کا نوٹس لیں جہاں آپ کی کمپنی کے اشتہار نے ہندوؤں میں بے چینی پیدا کی ہے۔
یاد رہے کہ یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں جب انتہا پسند ہندووں کی جانب سے اشتہارات کو مذہبی رنگ دے کر اعتراضات اٹھائے گئے ہوں ۔چند دن قبل بھارت میں کپڑوں کے برانڈ کو بھی اسی طرح کے اعتراضات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔