وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے وزیراعظم عمران خان نے انہیں 2 دن کی چھٹی دی ہے اور وہ پاکستان کا میچ دیکھنے جا رہے ہیں۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا خواہ وہ کلکتہ ہو، دبئی ہو، یا چنائی مجھے دو دن کی چھٹی ملی ہے۔ میں ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے میچز دیکھنے ہفتے اور اتوار کو دبئی جا رہا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ اللہ سے دعا ہے اللہ پاکستان کو کامیابی دے، کھیل کو کھیل کے طور پر دیکھنا چاہیئے۔ کھیل کا جو بھی فیصلہ ہو اسے قبول کرنا چاہیئے۔
ن لیگ کی جانب سے راولپنڈی میں احتجاج کے سوال پر وزیرداخلہ نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ پی ڈی ایم نے احتجاج کے لئے میرے شہر کا انتخاب کیا۔ میرا شہر پڑھا لکھا ہے، وہ مہنگائی کے اسباب کو سمجھتا ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان ہر ہفتہ مہنگائی کا مسئلہ خود دیکھتے ہیں، وہ قانون کو ہاتھ میں نہیں لیں گے تو ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ(اپوزیشن) ایک ڈیڑھ مہینہ احتجاج کریں گے کیونکہ وہ الیکشن تک معاملات لے جاناچاہتے ہیں۔ ن اور ش دو لیگیں ہیں، الیکشن سے قبل تیسری لیگ وجود میں آ جائے گی۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ شہبازشریف کی ملاقاتیں ہو رہی ہیں تو اچھی بات ہے لیکن اس کے بعد باتیں بھی نکلنی چاہیئے۔ اگراپوزیشن والےالیکشن سےقبل کوئی دنگا فساد کریں گے تو اپنے لئے گڑھا کھودیں گے۔