بہادر پولیس اہلکار کو تمغہ شجاعت دینے کی سفارش


وفاقی حکومت نے صدر پاکستان سے پولیس اہلکار کو تمغہ شجاعت دینے کی سفارش کر دی۔

سندھ کے خیرپور ریلوے اسٹیشن پر 17 اگست 2021 کو شہری کی جان بچانے والے پولیس اہلکار جمیل کلہوڑو کو تمغہ شجاعت دینے کی سفارش وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے کئی گئی۔

20 اگست 2021 کو وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پولیس اہلکار جمیل کلہوڑو کو تمغہ شجاعت دینے کے فیصلے سے عوام کو آگاہ کیا تھا۔ جس کے بعد آج وفاقی حکومت کی جانب سے صدر پاکستان سے پولیس اہلکار کو تمغہ شجاعت دینے کی باقاعدہ سفارش کر دی گئی۔

آئی جی سندھ کی جانب سے محرم الحرام کی ڈیوٹی کے دوران بہادر کا مظاہرہ کرنے والے پولیس اہلکار جمیل کلہوڑو کو تمغہ شجاعت دینے کی سفارش وفاقی حکومت سے کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: 12 ربیع الاول: کراچی سمیت سندھ بھر میں ڈبل سواری پر پابندی

وزیر اعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر پولیس اہلکار کی ویڈیو بھی شیئر کی تھی جس میں وہ ٹرین سے گرنے والے شخص کی جان بچانے کے لیے فوراً لپکا اور گرنے والے شہری کو کھینچ کر ٹرین کے نیچے آنے سے بچایا تھا۔

وزیر اعظم نے سندھ پولیس کے اہلکار جمیل کلہوڑو کی بہادری کی تعریف بھی کی تھی۔


متعلقہ خبریں