جس کو پتھر سمجھ کر اٹھایا، وہ ہیرا نکل آیا


نورین ویریڈ اور اس کے شوہرمائیکل نے جب کریٹر آف ڈائمنڈس اسٹیٹ پارک سے ایک چمکتا ہوا پتھر اٹھایا تو انہیں بالکل بھی یقین نہیں تھا کہ یہ 4.38 قیراط ہیرا نکل آئے گا۔

خاتون نے کہا”میں نہیں جانتی تھی کہ یہ ہیرا ہے، لیکن یہ صاف اور چمکدار تھا ، لہذا میں نے اسے اٹھا لیا‘‘۔

پارک سپرنٹنڈنٹ ہاویل نے کہا کہ ہیرا’’جیلی بین کے سائز، ناشپاتی کی شکل اور لیمونیڈ رنگ کا ہے‘‘۔

سپرنٹنڈنٹ نے کہا “جب میں نے پہلی بار اس ہیرے کو خوردبین کے نیچے رکھ کر دیکھا، تو میں نے سوچا ، ‘واہ ، کتنی خوبصورت شکل اور رنگ ہے‘۔

پارک انتظامیہ کے مطابق یہاں آنے والوں کو جو کچھ ملتا وہ اس کے مالک ہوتے ہیں۔ 1906 سے اب تک اس پارک سے75ہزار سے زائد ہیرے مل چکے ہیں۔

انتظامیہ نے اس سال 258 ہیرے رجسٹرڈ کیے جو اس پارک سے مختلف لوگوں کو ملے ہیں۔  یوم مزدور2020 پر ، ایک آدمی کو 9.07 قیراط کا ہیرا ملا جو اب تک کا دوسرا بڑا ہیرا تھا۔

اس پارک میں آنے والے کچھ لوگوں کو کبھی کچھ نہیں ملتا لیکن نورین ویریڈ کو ایک گھنٹے میں ہی ہیرا مل گیا۔

نورین اور مائیکل کے آنے سے قبل بارش ہوئی تھی لیکن جس دن وہ پارک آئے اس دن سورج نکلا ہوا تھا۔ پارک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بارش سے ہیرے کے اوپر سے مٹی وغیرہ ہٹ گئی اور سورج کی کرنیں پڑنے سے وہ کافی زیادہ چمک رہا تھا۔ یہ واضح نہیں ہے کہ ہیرے کی قیمت کیا ہے۔

یہ911 ایکڑ پر محیط پارک امریکی ریاست آرکنساس کی پائیک کاؤنٹی میں ہے۔ یہ پارک دنیا میں واحد مقام ہے جہاں سے ہیرے ملتے ہیں اور عام عوام کو یہاں جانے کی اجازت ہے۔

 


متعلقہ خبریں