وزیراعظم اسکل پروگرام کے مقابلوں میں خواجہ سرا فاتح


پشاور: خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں وزیر اعظم اسکل پروگرام کے تحت ہونے والے مقابلوں میں مرد وخواتین کے ساتھ خواجہ سراؤں نے بھی انعامات سمیٹے۔

ہم نیوز کے مطابق وزیر اعظم اسکل پروگرام کے تحت مختلف شعبوں میں ٹریننگ حاصل کرنے والوں کے درمیان مقابلوں کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اس موقع پر کوکنگ، فیشن ڈیزائنگ اور بیوٹیشن کی تربیت حاصل کرنے والوں کے درمیان دلچسپ مقابلے ہوئے۔

یوتھ پروگرام میں ہونے والے مقابلوں میں خواجہ سراؤں نے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھاتے ہوئے انعامات حاصل کیے ہیں۔ مختلف مقابلوں میں امان اللہ عرف آرزو سمیت چھ خواجہ سراؤں نے شرکت کی۔ آرزو نے ایک مقابلے کے دوران پہلی پوزیشن بھی اپنے نام کی۔

یوتھ پروگرام کے ڈائریکٹر کے مطابق مستقبل میں بھی تیسری جنس کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

خواجہ سراؤں کا کہنا ہے کہ وہ وزیر اعظم اسکل پروگرام سے فنی تربیت حاصل کرکے باعزت روزگار کمانے کے قابل ہوں گے۔


متعلقہ خبریں