نیوزی لینڈ کے دورے کو ایک سازش کے تحت ختم کیا گیا، شیخ رشید



وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے دورے کو ایک سازش کے تحت ختم کیا گیا، ہمیں کوئی سیکورٹی تھرٹ موصول نہیں ہوئے۔

پاک نیوزی لینڈ سیریز منسوخ ہونے سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے کہا کہ انہیں ٹیم پر حملے کی اطلاعات ہیں جس پر یکطرفہ طورفیصلہ کرتے ہوئے انہوں نے اپنا دورہ منسوخ کر دیا۔

شیخ رشید نے کہا کہ  نیوزی لینڈ کی ٹیم کو مکمل طور پر سیکیورٹی فراہم کی، ہماری پولیس، افواج سمیت کسی ادارے کے پاس کوئی تھریٹ نہیں، نیوزی لینڈ کے دورے کو ایک ساز ش کے تحت ختم کیا گیا ہے۔ ہمارے اداروں نے بہت کوشش کی وہ مان جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا میں امن اور سکون کا سب سے بڑا داعی ہے، پاکستان دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے انتہائی مضبوط اور زبردست ادارے رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دستانے پہنے ہوئے ہاتھ پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانا چاہتے تھے، یہ کس کی سازش ہے میں یہاں نام نہیں لینا چاہتا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم جو بھی فیصلہ کرے گی وہ ان کا اپنا فیصلہ ہو گا،  معلوم ہوا ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم بھی 24 سے 48 گھنٹے میں اپنا فیصلہ کر لے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہے، انگلینڈ کی ٹیم کیلئے بھی زبردست انتظامات ہوں گے۔ پاکستان میں کرکٹ کیلئے سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں ابھرتا ہوا ملک ہے، بھارت کا میڈیا ہمارے خلاف زہر اگل رہا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کو آگے لے کرجائیں گے، افغانستان کو کب قبول کرنا ہے، یہ فیصلہ وزیراعظم عمران خان کا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کسی بارڈ ر پر کوئی مہاجر موجود نہیں ہے، یہاں کے دونوں بارڈر محفوظ ہیں، اس ملک میں ہر قیمت پر امن قائم رہے گا۔


متعلقہ خبریں