لاہور: وفاقی وزیردفاع خرم دستگیر نے کہا ہے کہ ہم نے ملک کو آئینی استحکام فراہم کیا ہے جس کی بدولت دوسری مرتبہ ایک جمہوری حکومت اپنی مدت پوری کررہی ہے۔
لاہورکے سروسزاسپتال میں وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کی عیادت کے بعد خرم دستگیر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی میڈیا پاکستان کے سیاسی رہنماؤں کو بدنام کرنا چاہتا ہے، نوازشریف بارہا کہہ چکے ہیں کہ ہمیں اپنے گھر کو صاف کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف نوازشریف کی کامیابی دشمنوں کو کھٹک رہی ہے اس لئے ان پرالزامات لگائے جارہے ہیں، ہمارے دور حکومت میں پاکستان سے 90 فیصد دہشتگردی ختم ہوچکی ہے، پانامہ ٹرائل اور جے آئی ٹی کی تشکیل کیوں ہوئی اس کی وجہ بھی جاننا چاہیئے۔
خرم دستگیر نے کہا کہ ہم نے عدلیہ کے فیصلوں پرعمل کیا ہے اور کرتے رہیں گے، اداروں کی توہین یہ ہوتی ہے کہ ان کے فیصلوں پرعمل درآمد سے انکار کیا جائے۔