اسلام آباد میں 50 فیصد آبادی کی ویکسینیشن مکمل


اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں 50 فیصد آبادی کی ویکسینیشن مکمل ہو گئی ہے۔

وفاقی وزیر اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ وفاقی دارالحکومت کی 71 فیصد آبادی کو پہلی ڈوز لگا دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد نصف آبادی کی ویکسینیشن مکمل کرنے والا ملک کا پہلا شہر ہے۔

دوسری جانب گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس سے مزید 58 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد کورونا سے ہونے والی مجموعی اموات کی تعداد 26 ہزار 720 ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیں: 15سے 18سال کے بچوں کو بھی کورونا ویکسین لگانے کا فیصلہ

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری تازہ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 3 ہزار 153 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 4 ہزار 520 ہوگئی۔

این سی او سی کے مطابق  گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 57 ہزار 792 کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔ گزشتہ24گھنٹے میں مثبت کیسز کی شرح 5.45 فیصد رہی۔


متعلقہ خبریں