اسلام آباد: چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے کہا ہے کہ سستا اور فوری انصاف ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے مشکل سے آزادی حاصل کی تھی۔ سستا اور فوری انصاف ہرشہری کا بنیادی حق ہے اس لیے ڈسٹرکٹ کورٹس کا قیام انتہائی اہم تھا۔
انہوں نے کہا کہ جب سچی گواہی ناپید ہوجائے تو انصاف کی فراہمی میں مشکل پیش آتی ہے جبکہ قانون کی بالادستی ہو گی تو کمزور طبقوں کو انصاف فراہم ہو سکے گا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکہ اب سپرپاور کہلانے کا حقدار نہیں رہا، مولانا فضل الرحمان
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ ضلعی عدالتوں کے بغیر ججز اور وکلا کو کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا تاہم اب کسی بھی شہری کو سستے اور فوری انصاف سے محروم نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سماجی اور معاشرتی اخلاقی اقدار کے بغیر عدلیہ کا نظام نہیں چل سکتا جبکہ جھوٹی گواہی اور گناہ دیکھ کر منہ پھیر لینا انصاف کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔
جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ عدالتی نظام پر عوام کا اعتماد نہ ہونا آمرانہ نظام کی نشاندہی کرتا ہے۔ نظام عدل کے اسٹیک ہولڈرز عوام کو سستے اور فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ 60 سال بعد کسی نے سائلین کے بارے میں سوچا ہے ہمیں بھی انصاف کی فراہمی میں ساتھ کھڑا پائیں گے۔