حکومت نے عوام دشمنی کی مثال قائم کر دی، مریم نواز


اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام دشمنی کی مثال قائم کر دی ہے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سے مفاہمت کا کوئی سوال پیدا نہیں ہوتا اور میں حکومت سے بات کرنے کے حق میں بھی نہیں ہوں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت جو کچھ کر رہی ہے وہ سب قوم کے سامنے ہے جبکہ شہباز شریف نے قومی حکومت کی نہیں بلکہ قومی مفاہمت کی بات کی۔ حکومت کی 3 سالہ کارکردگی تباہی اور بربادی کی داستان ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ حکومتی نااہلی کی وجہ سے بےروزگاری میں اضافہ ہوا جبکہ تمام پارٹیوں کو حکومت کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ حکومت کی توجہ میڈیا اور حزب اختلاف کو کنٹرول کرنے پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیا کسی نے سنا بجلی سستی ہوئی، اشیا خورونوش کی قیمتیں کم ہوئیں ؟ حکومت کو اپنی کارکردگی کی پرواہ نہیں ہے تاہم کوشش ہے اگلے انتخابات میں حکومت کے کرپشن پلان کو روکا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کا سب سے بڑا سرمایہ اس کے لوگ ہوتے ہیں، وزیر اعظم

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ملکی تاریخ میں اتنی نااہل حکومت کبھی نہیں آئی۔ حکومت سچ بولنے والوں سے ڈرتی ہے اور ساڑھے 3 سالوں میں کسی نے خیر کی خبر سنی ؟ حکومت نے میڈیا کو ریگولیٹ کرنا ہے لیکن حرکتیں ٹھیک نہیں کرنی۔ میڈیا کو خاموش کرانے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سے اجازت نہیں مانگی اور میرا ایک ہی بیٹا ہے اس کے نکاح میں نہیں گئی۔

مریم نواز نے کہا کہ ملک میں پی ٹی آئی کی ناجائز اور نااہل حکومت ہے لیکن حکومت کو پرواہ ہے تو بس اس بات کی کہ کیسے اپوزیشن کو تنگ کرنا ہے۔ جب ن لیگ کو لگے گا کہ نواز شریف کو واپس آنا چاہیے تو وہ آجائیں گے۔


متعلقہ خبریں