افغانستان: امریکی اور آسٹریلوی فوجیوں کے جنگی جرائم کی تحقیقات کی جائیں، چین

افغانستان: امریکی اور آسٹریلوی فوجیوں کے جنگی جرائم کی تحقیقات کی جائیں، چین

نیویارک: چین نے مطالبہ کیا ہے کہ امریکی اور آسٹریلوی فوجیوں کے جنگی جرائم کی تحقیقات کی جائیں۔ یہ مطالبہ اقوام متحدہ میں چین کے نائب نمائندہ خصوصی نے افغانستان پر جاری کردہ اپنے بیان میں کیا ہے۔

طالبان شوریٰ کا اجلاس ختم: حکومت سازی سے متعلق مشاورت مکمل

ہم نیوز کے مطابق اقوام متحدہ میں چین کے نائب نمائندہ خصوصی گینگ شوانگ نے کہا ہے کہ افغانستان میں موجودہ غیریقینی کی صورتحال بے ہنگم انخلا کی وجہ سے ہے۔

انہوں نے واضح طورپر کہا کہ انخلا کے بعد متعلقہ ممالک کی ذمہ داریاں ختم نہیں ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ غیرملکی افواج کا انخلا افغانستان کے مسائل کے حل کا آغاز ہے۔ انہوں نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ ممالک افغانستان کے حالات سے سبق سیکھیں۔

چین کے اقوام متحدہ میں نائب نمائندہ خصوصی گینگ شوانگ نے زور دیا کہ متعلقہ ممالک افغانستان کی خود مختاری اور آزادی کا احترام کریں۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ ممالک افغان عوام کے مستقبل کے فیصلے خود کرنے کے حق کا اعتراف کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ متعلقہ ممالک اپنا نظریہ دیگر ممالک پہ مسلط کرنے سے اجتناب برتیں گے۔

20 سالہ جنگ ختم، امریکا افغانستان سے نکل گیا، طالبان کا جشن،ہوائی فائرنگ

گینگ شوانگ نے کہا کہ امید ہے متعلقہ ممالک معاشی پابندیاں لگانے اور طاقت کے استعمال کا رویہ ترک کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان ممالک نے گزشتہ 20 سال میں جو کچھ افغانستان میں کیا اس کا احتساب ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشی پابندی لگا کریہ افغان عوام کی فلاح وبہبود کا دعویٰ نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے اثاثے منجمد کر کے یہ افغانستان میں معاشی ترقی کی حمایت کا دعویٰ بھی نہیں کرسکتے ہیں۔

چین کے اقوام متحدہ میں نائب نمائندہ خصوصی نے کہا کہ ان ممالک نے افغانستان میں تباہی چھوڑی اور ذمہ داری افغانستان کے ہمسایہ ممالک پر ڈال دی۔

سلامتی کونسل میں افغانستان سے محفوظ انخلاء کے حق میں قرارداد منظور

ہم نیوز کے مطابق چین کے نائب نمائندہ خصوصی نے کہا کہ افغانستان میں 20 سال تک غیرملکی افواج کے جنگی جرائم کو بھولنا نہیں چاہیے۔


متعلقہ خبریں