پوپ فرانسس کی افغانستان کے لیے روزہ رکھنے کی اپیل


کیتھولک مسیحیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس نے افغانستان کی موجودہ صورتحال پر دنیا بھر کے مسیحیوں سے روزہ رکھنے کی اپیل کردی۔

پوپ فرانسس کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن واستحکام کیلئے دنیا بھر کی مسیحی برادری روزہ رکھے۔

انہوں نے اپیل کی کہ افغانستان کے مستقبل کیلئے دعا اور عبادات کا بھی اہتمام کیا جائے۔  پوپ فرانسس نے گزشتہ دنوں کابل ائیرپورٹ پر خودکش دھماکے میں ہونے والی اموات پر بھی دکھ کا بھی اظہار کیا اور کہا کہ اس وقت ان تمام لوگوں کی مدد کریں جن کو ہماری ضرورت ہے۔

پوپ فرانسس نے افغانستان میں موجودہ حالات میں امدادی کام کرنے والوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پوپ فرانسس کے نام بھیجےگئے لفافے سے 3 گولیاں برآمد

خیال رہے کہ 2 روز قبل کابل ائیرپورٹ دھماکوں سے گونج اٹھا تھا جس میں 13 امریکی فوجیوں اور 2 برطانوی شہریوں سمیت 170 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے، ان دھماکوں سے دو روز قبل امریکی صدر جوبائیڈن نے حملے کا الرٹ جاری کیا تھا۔

جس کے بعد کابل پولیس کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز کابل ہوائی اڈے کے قریب ایک گھر پر راکٹ سے حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں چار بچوں سمیت نو افراد  ہلاک ہوگئے۔

تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ ہلاکتیں راکٹ حملے کے نتیجے میں ہوئی ہیں یا امریکی ڈرون حملے سے۔ اس حوالے سے حکام معلومات اکٹھے کررہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  کابل کے قریب امریکی ڈرون حملے میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس میں داعش خراسان کے مبینہ خود کش حملہ آور سوار تھے۔ حملے میں تمام خودکش حملہ آور مارے گئے۔


متعلقہ خبریں