جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش


اسلام آباد: راولپنڈی اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے باعث نظام زندگی درھم برہم ہو گیا۔

‏راولپنڈی اور اسلام آباد میں صبح شروع ہونے والی بارش وقفے وقفے سے جاری ہے، اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی کے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

ایم ڈی واسا راجہ شوکت کے مطابق اسلام آباد میں بارش کم ہونے سے نالہ لئی کی سطح 10 فٹ سے زیادہ بلند نہیں ہوئی، اسلام آباد کے مقابلے میں راولپنڈی میں بارش زیادہ ہوئی۔ اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں ژالہ باری بھی ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی میں 111 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، شدید بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے، تاہم واسا کی ٹیمیں نشیبی مقامات سے پانی نکال رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا ایس او پیز کا اطلاق 26 شہروں تک بڑھا دیا گیا

شدید بارش کے باعث جی ٹی روڈ تالاب کا منظر پیش کرنے لگا، روات کے مقام پر گاڑیاں پانی میں پھنسی ہیں اور  ٹریفک کا نظام درھم برھم ہوگیا۔ راولپنڈی اسلام آباد آنے والے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔  کینٹ کے سیوریج نالوں سے طغیانی نے نشیبی رہائشی آبادیوں کو اپنی لپیٹ میں لیا اور کرسچن کالونی مکمل طور پر ڈوب گئی۔

دوسری جانب شمالی علاقوں میں شدید بارش کے بعد تربیلا ڈیم بھرنے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔ ارسا ذرائع کا کہنا ہے کہ  ڈیم بھرنے میں پانی کی سطح 4 فٹ رہ گئی اور  ڈیم میں پانی کی آمد ایک لاکھ 91 ہزار کیوسک اور اخراج ایک لاکھ  56 ہزار کیوسک ہے، ڈیم میں پانی کا ذخیرہ 56 لاکھ ایکڑ فٹ ہے اور اگر صورتحال یہی رہی تو آئندہ 5 دنوں میں تربیلا ڈیم بھر جائے گا۔


متعلقہ خبریں