افغانستان سے نکلنے کی کوشش، 17 سالہ فٹبالر جان گنوا بیٹھا

افغانستان سے باہر نکلنے کی کوشش، افغان فٹبالر بھی جاں بحق

طالبان کی جانب سے کابل پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد ملک چھوڑنے کی کوشش میں کابل میں امریکی طیارے سے گر کر جاں بحق ہونے والے افراد میں افغان جونئیر فٹ بال ٹیم کا ایک کھلاڑی بھی شال تھا۔

افغان اسپورٹس فیڈریشن کے مطابق  کابل ایئر پورٹ پر امریکی سی-17 فوجی طیارے پر چڑھنے کی کوشش کے دوران قومی یوتھ فٹ بال ٹیم  کے کھلاڑی 17 سالہ ذکی انوری بھی جاں بحق ہو گئے۔

افغانستان کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف فزیکل ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس نے اپنے فیس بک  پیج پر جاری بیان میں کہا ہے کہ ذکی انوری ان سینکڑوں نوجوانوں میں سے ایک تھے جو ملک چھوڑنا چاہتے تھے۔

محکمے نے نوجوان فٹ بالر کی ہلاکت پر ان کے دوست، خاندان اور ساتھیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار بھی کیا ہے۔

مزید پڑھیں: عالمی برادری افغانستان پر متحد ہوجائے، جی سیون وزرائے خارجہ کی اپیل

میڈیا رپورٹس کے مطابق ذکی انوری کا تعلق ایک متوسط گھرانے سے تھا۔ اس نے اسکول  کے زمانے میں ہی قومی فٹ بال ٹیم کا رکن بننے کے لیے مخنت شروع کر دی تھی۔

خیال رہے کہ امریکی فوجی طیارے کے ساتھ لٹک کر ملک سے بھاگنے کی کوشش میں 3 افغان شہری ہلاک ہو گئے تھے۔

اس سے قبل 15 اگست کو طالبان نے کابل کا کنٹرول سنبھال لیا تھا۔ کابل پر طالبان کے قبضے کے ساتھ ہی سیکڑوں افغان شہریوں نے ملک چھوڑنے کی غرض سے حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا رخ کیا تھا۔​

کابل ایئر پورٹ سے 16 اگست کو امریکہ کے C-17 طیارے کی روانگی کے دوران ایک غیر یقینی صورتِ حال پیدا ہو گئی تھی اور سیکڑوں افغان شہریوں نے طیارے کو گھیر لیا تھا۔

متعدد افغان شہری طیارے کے بیرونی حصوں میں چھپ کر سوار ہو کر ملک سے روانہ ہونا چاہ رہے تھے۔

بعد ازاں سوشل میڈیا پر متعدد وائرل ویڈیوز میں جہاز کی روانگی کے وقت لوگوں کو نیچے گرتے ہوئے بھی دیکھا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں