پشاور: کورونا پابندیوں کی خلاف ورزی پر3 بس اسٹینڈ سیل


خیبرپختونخوا کے مرکزی شہر پشاورمیں کورونا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن کیا گیا ہے۔

پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے جنرل بس سٹینڈ، نیازی ایکسپریس اور لاہور بس اڈہ سیل کر دیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 22 بڑی گاڑیوں کا چالان کرکے ان کے پرمٹ منسوخ کر دیئے گئے ہیں۔ جنرل بس سٹینڈ کے ٹھیکیدار کا ٹھیکہ بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔

کمشنر پشاور کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹرحضرات کورونا ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کریں۔ عوام بازاروں میں کورونا ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کریں۔

خیال رہے کہ خیبر پختونخوا میں اب تک ایک لاکھ 50 ہزار 708 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں اور4 ہزار 624 اموات ہوئی ہیں۔

سندھ میں کورونا کے کیسز کی تعداد 4 لاکھ 7 ہزار 892، پنجاب میں تین لاکھ 69 ہزار 358، اسلام آباد میں 92 ہزار 768، بلوچستان میں 31 ہزار 396، آزاد کشمیر میں 28 ہزار 654 اور گلگت بلتستان میں 9 ہزار 137 ہو گئی ہے۔

کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 11 ہزار 307افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 6 ہزار 355، اسلام آباد 827، گلگت بلتستان 161، بلوچستان میں 332 اور آزاد کشمیر میں 660 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں