افغان آرمی چیف برطرف، وزیر خزانہ ملک سے فرار


کابل: افغانستان کے صدر اشرف غنی نے افغان آرمی چیف کو عہدے سے  ہٹا دیا ہے جبکہ افغانستان کے قائم مقام وزیر خزانہ ملک سے فرار ہوگئے ہیں۔

افغان میڈیا کے مطابق صدر اشرف غنی نے افغان آرمی چیف عبدالولی احمد زئی کو فوری طور پر عہدے سے برطرف کر دیا  ہے۔ جس کے بعد جنرل ہیبت اللہ علی زئی کو نیا آرمی چیف تعینات کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ہمارا افغانستان میں کوئی فیورٹ نہیں ہے، وزیر خارجہ

دوسری جانب  افغانستان کے قائم مقام وزیر خزانہ خالد پائندہ نے استعفیٰ دے کر ملک چھوڑ دیا ہے۔  ترجمان وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ طالبان کی افغان سرزمین پر قبضے میں تیزی کے باعث خالد پائندہ نے استعفیٰ دیا۔

ترجمان نے بتایا کہ خالد پائندہ کی ملک چھوڑنے کی دوسری وجہ ان کی بیمار اہلیہ ہیں۔ انہیں بیرون ملک علاج کیلئے لے کر جانا وقت کی اہم ضرورت تھی۔

ادھرطالبان نے افغان سرزمین پر اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے۔ طالبان نے افغانستان کے دو مزید شہروں پُلِ خُمری اور فراہ پر قبضہ کر لیا ہے ۔ اب ان کے قبضے میں موجود صوبائی دارالحکومتوں کی تعداد 8ہو گئی ہے۔

جبکہ قندھار اور ہلمند کے صوبوں میں طالبان اور افغان فورسز کے درمیان لڑائی جاری ہے۔ دار الحکومت  کابل کی جانب بھی طالبان کی پیش قدمی جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان سے فوج واپس بلانے کے فیصلے پر کوئی ملال نہیں، جوبائیڈن

یورپی یونین کے مطابق غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد طالبان نے ملک کے 65 فیصد حصے پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ طالبان کابل کو شمال میں موجود افواج کی روایتی حمایت سے محروم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

 

 

 


متعلقہ خبریں