جاوید ہاشمی دوبارہ ن لیگ میں شامل


ملتان: سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی دوبارہ مسلم لیگ ن میں شامل ہوگئے ہیں ۔

ملتان کے قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹیڈیم میں مسلم لیگ ن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا  کہ وہ نواز شریف کی قیادت کو قبول کرتے ہیں، نوازشریف جیسا لیڈر تاریخ نے کہیں نہیں دیکھا، میں مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان نہیں کروں گا کیونکہ میں تو مسلم لیگی ہی ہوں، میرے چند لمحے ادھر اُدھر ہوئے تھے تاہم آج نوازشریف کی قیادت قبول کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔

جاوید ہاشمی نے کہا کہ جس کی ساڑھے تین حکومتیں گرادی گئیں وہ آج عوام کے حقوق کے لیے لڑرہا ہے، نواز شریف میرے لیڈر تھے، ہیں اور رہیں گے، میں نے اپنی اولاد کو وصیت کی ہے کہ مجھے مسلم لیگ کے پرچم میں دفن کیا جائے۔

سینئر سیاستدان نے اپنے خطاب میں ووٹ کی عزت سے متعلق کہا کہ مسلم لیگ ن نے ووٹ کی عزت خراب کرنے والوں کے خلاف بغاوت کا پرچم اُٹھایا ہے، ووٹ کی جس تحریک سے پاکستان بنا تھا اُس کی حرمت کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔

جاوید ہاشمی کا تعلق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 149 سے ہے، جاوید ہاشمی مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما ہیں اور کئی مرتبہ رکن قومی اسمبلی بھی رہ چکے ہیں۔

جاوید ہاشمی نے اختلافات کے باعث مسلم لیگ ن کو خیرباد کہتے ہوئے دسمبر 2011 میں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔

جاوید ہاشمی نے 1988 میں مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی تھی اور مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم سے وزیرمملکت اور وفاقی وزیر بھی رہ چکے ہیں۔

جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور حکومت میں جب شریف خاندان کو ایک معاہدے کے تحت ملک سے بے دخل کردیا گیا تھا تو مخدوم جاوید ہاشمی کو ہی مسلم لیگ ن کا صدر بنایا گیا تھا۔ جاوید ہاشمی نوازشریف کی واپسی تک مسلم لیگ ن کے صدر رہے۔

اس دوران جاوید ہاشمی جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھی رہے لیکن اُن کی ثابت قدمی پر کوئی فرق نہیں آیا، جاوید ہاشمی نے جب ناگزیر وجوہات کی بنیاد پر مسلم لیگ ن کو خیرباد کہا تو کارکنوں  اور رہنماؤں نے اُنہیں روکنے کی بہت کوشش کی لیکن ناکام  رہے۔

 


متعلقہ خبریں