مبشر کھوکھر قتل کیس میں دوسرے ملزم کے انکشافات


لاہور: پنجاب کے وزیر اسد کھوکھر کے بھائی کے قتل میں ملوث دوسرے ملزم کے انکشافات بھی سامنے آ گئے۔

لاہور میں اسد کھوکھر کے بھائی کے قتل کی ایف آئی آر ميں نامزد دوسرے ملزم عمر حيات کا بيان سامنے آ گيا۔ عمر حیات نے بتایا کہ ناظم نے وقوعہ کے روز مجھے کہيں جانے کے لیے گھر بلايا تھا۔

ملزم نے بتایا کہ ہم نے کسی سے موٹرسائيکل مانگی جبکہ راستے ميں ناظم نے نئے کپڑے اور جوتے خريدے۔ ناظم کو راستہ معلوم نہ تھا اس لیے اس نے اپنے دوست بابر کو فون کر کے راستہ پوچھا۔

عمر حيات کے مطابق شادی تقريب ميں پہنچنے پر ناظم مجھے کچھ دور کھڑا کر کے چلا گيا۔ جب میں نے 20 سے 25 منٹ بعد اسے کال کی تو اس نے کہا کہ بس آرہا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: مبشر کھوکھر قتل، مقدمہ درج، تحقیقات کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل

نامزد ملزم کے مطابق ناظم کو میری کال کے کچھ دير بعد گولی چلی اور بھگدڑ مچ گئی تاہم ميں نے اس کا کچھ دير انتظار کيا اور پھر واپس گھر آ گيا۔ گھر آ کر پتا چلا کہ مبشر کھوکھر قتل ہو گيا ہے۔

ملزم عمر حيات نے بیان دیا کہ ناظم اکثر کہا کرتا تھا کہ مبشر کھوکھر نے ميرے بھائی اور چچا کو قتل کرايا اور پھر مبشر کھوکھر نے مجھے جھوٹے مقدمے ميں پھنسايا۔


متعلقہ خبریں