سندھ کے سوا ملک بھر میں تمام تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ



سندھ کے سوا ملک بھر میں اسکولوں سمیت تمام تعلیمی ادارے بتدریج کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس ہوا جس میں ملک بھر میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری و نجی اسکولوں کو ایک دن میں 50 فیصد طلبا کو بلانے کی اجازت ہو گی۔

شفقت محمود نے کہا کہ سندھ کے علاوہ تمام صوبوں میں امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ امتحانات میں لازمی مضامین میں 5 فیصد اضافی نمبر زدیئے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں وزرائے تعلیم سے درخواست کی گئی کہ یونیورسٹی کے طلبہ اور اساتذہ کی ویکسی نیشن کی جائے جب کہ اسکولوں سے متعلق عملے کی ویکسی نیشن بھی ضروری ہے۔

امتحانات نہ لیے تو جو بچے پڑھ رہے ہیں وہ بھی تیاری چھوڑ دینگے، شفقت محمود

ان کا کہنا تھا کہ 25 اگست کو کورونا صورتحال کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا، ہماری پوری کوشش ہے کہ بچوں کی صحت اور تعلیم کا خیال رکھا جائے۔

دوسری جانب صوبائی وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے بین الصوبائی وزرائے تعلیم اجلاس میں شرکت کے بعد بتایا کہ صوبے بھر کے اسکول جاری کردہ احکامات کے مطابق کھلے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری و نجی  اسکولوں کو ایک دن میں 50 فیصد طلبا کو بلانے کی اجازت ہو گی۔

مراد راس نے کہا کہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد اور ویکسی نیشن کے بغیر اس وبا پر قابو پانا ممکن نہیں۔


متعلقہ خبریں