روٹی، کپڑا اور مکان کی بات کرنے والوں نے عملی کام نہیں کیا، عمران خان

بیوروکریسی اور تاجروں کے حوالے سے نیب قانون میں تبدیلی کرنے جارہے ہیں، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ روٹی، کپڑا اور مکان کی بات کرنے والوں نے عملی کام نہیں کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمران کرپٹ ہوں تو ملک تباہ ہو جاتے ہیں، پاکستان میں ایک چھوٹا سا طبقہ امیر ترین اور غریب، غریب ترین ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قانون کی بالادستی قائم کرنے سے ملک میں بڑی تبدیلی آئے گی، چالیس فیصد آبادی کو غربت سے نکالیں گے، ملکی ترقی میں حائل مشکلات اور رکاوٹوں کو دور کریں گے

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اگر ہم نے اپنے گرین ایریازنہ بچائے تو فوڈ سیکیورٹی کا بہت بڑا خطرہ پیدا ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کا سامنا ہے، اب خود دیکھیں کہیں بہت گرمی ہے تو کہیں سیلاب آیا ہوا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے شجرکاری بہت ضروری ہے، راولپنڈی پہلے سرسبز اور ہرا بھرا شہر تھا، کہیں پڑھا تھا کہ راولپنڈی میں 1914 میں 4 فٹ برف پڑی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے ہر شہر کا ماسٹر پلان ترتیب دینے کی ہدایت کی ہے،جس کے تحت گرین ایریاز میں کوئی تعمیر نہیں ہو سکے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ میرا وژن نچلے طبقے کوغربت سے نکالنا ہے، دوسرا وژن ملکی دولت بڑھانا ہے۔ ملک کی مجموعی پیداوار میں اضافہ ترجیح ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملائیشیا اور دیگر ملکوں نے60 کی دہائی میں پاکستان سے سیکھا،اس زمانے میں ہمارے پاس ٹاپ بینکرز تھے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان 20 بار آئی ایم ایف کے پاس جا چکا ہے، ایک چھوٹا سا طبقہ بہت امیر ہو چکا ہے،جب حکمران طبقہ کرپٹ ہو جاتا ہے تو ملک تباہ ہو جاتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ دریائے راوی نالے کی شکل اختیار کر چکا ہے، لاہور کو بچانے کے اقدامات بھی کر رہے ہیں، اگر لاہوراس طرح پھیلتا گیا تو وہاں بھی ٹینکرمافیا آجائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ قبضہ گروپ نے شہروں میں سرکاری زمینوں پر قبضے کر رکھے ہیں، اس کے خلاف بھی کارروائی کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں