وزیرداخلہ شیخ رشید نے ایک بار پھر خبردار کیا ہے غیرملکی پاکستان چھوڑ کر چلے جائیں یا آن لائن ویزہ اپلائی کریں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ویزے کے بغیر ہزاروں غیرملکی چھپے ہوئے ہیں، حکومت ان کو صرف ایک ماہ کا وقت دے رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ویزوں کے حصول میں کرپشن کے خاتمے کے لیے آن لائن ویزہ سسٹم شروع کیا گیا ہے۔ بغیر ویزے والے لوگ آن لائن ویزہ اپلائی کریں۔ آن لائن ویزہ اپلائی کرنے کے لیے ایک ماہ کی چھوٹ ہے ورنہ ملک چھوڑ دیں۔
وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ پاک افغان بارڈر پر مہاجرین کا کوئی دباؤ نہیں ہے اور ہم بہترین بارڈر منیجمنٹ کر رہے ہیں۔ پاکستان میں افغان مہاجرین نہیں آرہے اور نہ ہی طالبان موجود ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے افغان سرحد پر باڑ لگا رکھی ہے اور ہم تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے دیگر اقدامات بھی اٹھا رہے ہیں۔
افغان سفیر کے بیٹی کے مبینہ اغوا کے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کی تفتیشی ٹیم پاکستان پہنچ گئی ہے۔ ہم نے افغان سفیر کی بیٹی سےمتعلق تحقیقات مکمل کرلی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس افغان تفتیشی ٹیم حکام کے جواب دینے کے لیے تیار ہے۔