اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ افغان وزیر نواز شریف کے لیے مودی کا خاص پیغام لائے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے نواز شریف کی افغان نیشنل سیکیورٹی چیف اور وزیر مملکت سے ملاقات پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے والے سے نواز شریف کی ملاقات تازہ ڈویلپمنٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیا اس سے واضح نہیں ہو جاتا نواز شریف کا ایجنڈا کیا ہے؟ معلوم ہوا ہے کہ افغان وزیر نواز شریف کے لیے مودی کا خاص پیغام لائے۔
شہباز گل نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کو منتازعہ بنایا جائے گا اور ملاقات اسی منافقانہ ایجنڈے پر ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر میں ن لیگ اور پیپلزپارٹی کو شکست ہوگی، تحریک انصاف کامیاب ہو گی: شیخ رشید
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے والے اور نواز شریف کی باہمی دلچسپی اس کے علاوہ کیا ہوسکتی ہے۔ پاک فوج کے خلاف زہر اگلنے اور مودی سے جھپیاں ڈالنے والے کو کشمیریوں کے جذبات سے نہیں کھیلنے دیں گے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے جبکہ قوم اور فوج اس کے چپے چپے کی محافظ ہے۔