پشاور کے ہوٹل میں دھماکہ، ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق


پشاور: جی ٹی روڈ پر واقع ہوٹل میں دھماکہ سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں دو بچے اور دو خواتین بھی شامل ہیں۔ سی سی پی او پشاور جمیل الرحمان کے مطابق دونوں زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

دھماکے کے فوری بعد پولیس، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور انہوں نے امدادی سرگرمیوں کا آغاز کردیا۔

جاں بحق ہونے والوں میں خاندان کے سربراہ کامران کی اہلیہ، ساس، اس کے دو بچے اور ایک قریبی رشتہ دار شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق ھنگو کا رہائشی کامران اپنی والدہ اور بیوی کا طبی معائنہ کرانے کے لیے پشاور آیا تھا۔ متاثرہ خاندان ہوٹل کی چوتھی منزل پرایک ہی کمرے میں ٹھہرا ہوا تھا۔

بم ڈسپوزل یونٹ کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دھماکہ گیس سلنڈر پھٹنے سے ہوا۔ ریسکیو اداروں کے مطابق ابتدائی طور پر دھماکہ گیس لیکج کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے لیکن حتمی طور پر کہنا مشکل ہے۔

سی سی پی او پشاور جمیل الرحمان کے مطابق فی الوقت دھماکے کی نوعیت کے متعلق حتمی رائے قائم کرنا قبل از وقت ہے۔

جائے وقوعہ پر پہنچنے والے ایس پی سٹی کے مطابق زخمی کامران نے گزشتہ روز ہی ہوٹل میں کمرہ کرایہ پر لیا تھا۔ انہوں نے بتا یا کہ ابتدائی طور پر یہی معلوم ہوا ہے کہ کامران اپنی والدہ اور بیوی کے میڈیکل چیک اپ کے لیے پشاور آیا تھا۔


متعلقہ خبریں