حکومت کوئی تو کیس ثابت کرے، شاہد خاقان عباسی


اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت کوئی تو کیس ثابت کرے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) روز دعوے کرتے ہیں کہ احتساب کا عمل جاری ہے لیکن احتساب کا کوئی عمل جاری نہیں ہے بلکہ انتقام ہی انتقام چل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کا پیسہ ضائع کیا جا رہا ہے۔ کیس ثابت نہیں ہوتا اور ضمانت ہو جاتی ہے۔ حکومت کو 3 سال ہوگئے وہ کوئی تو کیس ثابت کرے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ وزرا ساتھ مل کر پریس کانفرنسز کرتے ہیں ان کو یہ حق کس نے دیا ؟ عدالت کہہ چکی ہے کوئی مالی فائدہ نہیں اٹھایا گیا تو پھر کیس ہے کیا ؟

انہوں نے کہا کہ یہاں انصاف کے بنیادی تقاضے پورے نہیں کیے جاتے۔ عدالتوں میں کیمرے لگا کر عوام کو بتایا جائے کہ نیب کے کیسز کیا ہیں ؟ ملک میں انصاف کا نظام ایسا ہے جو تقاضے ہی پورے نہیں کرتا۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیریوں کو حق خودارادیت ملنے تک سمجھوتہ نہیں کریں گے، وزیر اعظم

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ انصاف کے دعویدار اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو پڑھیں۔ عدالتوں میں بلانا صرف زبان بندی کی کوشش ہے جبکہ حکومتی وزرا اور سرکاری افسران خود کہہ رہے کہ نیب زدہ ماحول میں کام نہیں کرسکتے۔


متعلقہ خبریں