واشنگٹن: کورونا وائرس کی وجہ سے امریکہ میں ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے جو فٹ پاتھ پر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کورونا وائرس نے جہاں دنیا بھر کی معیشت پر برے اثرات مرتب کیے ہیں وہیں امریکہ کورونا وائرس کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔
کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر کی طرح امریکہ میں بھی ہزاروں افراد بے روزگار ہو گئے جو فٹ پاتھ پر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
امریکی ریاست نیویارک جو سیاحوں کی جنت کہلاتا ہے وہاں بے گھر افراد کی تعداد میں اضافہ مقامی انتظامیہ کے لیے چیلنج بن گیا ہے جبکہ شہری انتظامیہ نے ایسے افراد کی مدد کے لیے کمیونٹی نیوی گیٹرز تعینات کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پینٹاگون کا مائیکرو سافٹ سے 10 ارب ڈالر کا معاہدہ منسوخ
نیویارک کے مرکزی علاقے مین ہیٹن میں اب سیاحوں سے زیادہ بے گھر افراد سڑکوں پر نظر آتے ہیں کیونکہ کورونا وائرس کی وجہ سے وہاں سیاحت انتہائی کم ہو گئی ہے۔
بے گھر افراد کے لیے قائم کردہ ادارے کوالیشن فار دی ہوم لیس کے مطابق نیویارک میں بے گھر افراد کی تعداد 20 ہزار 8 سو سے تجاوز کر گئی ہے اور یہ نیویارک کی تاریخ میں بے گھر افراد کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔