لیگی ایم این اے رانا عمر نذیر کا پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ


لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے گوجرانوالہ سے رکن قومی اسمبلی راناعمر نذیرنے اپنے والد اور سابق وفاقی وزیر رانا نذیر احمد کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا۔ پی ایم ایل (ن) کو اس طرح ایک اور سیاسی دھچکہ لگ گیا۔ وہ گزشتہ انتخابات میں این اے 99  سے رکن قومی اسمبلی  منتخب ہوئے تھے۔

راناعمر نذیر، سابق وفاقی وزیر رانا نذیراحمد کے بیٹے ہیں۔ رانا نذیر احمد 1988، 1990، 1997 اور 2008 میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ ان کا شمار پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے انتہائی قریبی پانچ ساتھیوں میں کیا جاتا تھا۔

رانا نذیر احمد کے صاحبزادے اور موجودہ رکن قومی اسمبلی رانا عمر نذیر 2002 اور 2013 میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوچکے ہیں۔ ان کے چھوٹے بھائی بیرسٹر رانا عامر نذیر ضلع کونسل کے وائس چیئرمین ہیں۔

رانا نذیر احمد اور ان کے خاندان کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کے حوالے سے یہ اطلاعات گردش میں ہیں کہ سب سے زیادہ اہم کردار محمد احمد چٹھہ کا ہے جو پی ٹی آئی کے ضلعی صدر ہیں۔ محمد احمد چٹھہ ممتاز سیاستدان حامد ناصر چٹھہ کے صاحبزادے ہیں۔ حامد ناصر چٹھہ سابق اسپیکرقومی اسمبلی ہیں اور ملکی سیاست میں انہوں نے انتہائی متحرک کردار بھی ادا کیا ہے۔

ایم این اے رانا عمر نذیر کا کہنا ہے کہ وہ پی ایم ایل (ن) سے علیحدگی اختیار کرچکے ہیں اور پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہورہے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چودھری کے مطابق رانا عمرنذیر آج چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کر کے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔


متعلقہ خبریں