جوہر ٹاؤن دھماکہ، گاڑی منتقل کرنے والا مبینہ ملزم گرفتار


لاہور: جوہر ٹاؤن دھماکے میں گاڑی منتقل کرنے والے مبینہ ملزم کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق جوہر ٹاؤن میں ہونے والے بم دھماکے کے حوالے سے انتہائی اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ حساس اداروں نے حملے میں ملوث مبینہ ملزم کو گرفتار کر لیا جس نے گاڑی لاہور منتقل کی تھی۔

ملزم کی شناخت سجاد حسین کے نام سے ہوئی جو منڈی بہاالدین کا رہائشی ہے۔ حساس اداروں نے مبینہ ملزم کو منڈی بہاؤالدین سے گرفتار کر کے لاہور منتقل کر دیا۔

حساس اداروں کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ یہی وہ ملزم ہے جس نے گاڑی لاہور شہر میں داخل کی۔ سجاد حسین نامی ملزم نے گرفتار ملزم پیٹر پال ڈیود سے تعلقات کا بھی اعتراف کیا اور کہا کہ ڈیوڈ سے 10 سالہ پرانا تعلق ہے اور دونوں آپس میں رابطے میں تھے۔

ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے گاڑی لاہور ضرور منتقل کی لیکن ٹارگٹ تک کوئی اور لے کر گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایف اے ٹی ایف ایک تکنیکی فورم ہے یا پولیٹیکل؟ شاہ محمود قریشی

تفتیشی ذرائع کے مطابق بم دھماکے کے ایک اور ملزم کی تلاش ابھی جاری ہے۔

واضح رہے کہ 23 جون کو لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں کار میں دھماکہ ہوا تھا جس کے ایک مرکزی ملزم کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔


متعلقہ خبریں