لیاری میں ن لیگ کے دفتر پر حملہ کرنے والے ملزمان مقابلے میں ہلاک


کراچی: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے لیاری میں واقع دفتر اور مقامی رہنما عقیل رحمانی پر حملے میں ملوث لیاری گینگ وار زاہد لاڈلا گروپ کے تین مبینہ کارندے پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگئے۔

کراچی پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان کی شناخت یاسر چھوٹا پٹھان، رفیع گولڈن اور گلزیب عرف ڈاڈا کے نام سے ہوئی ہے۔

پی ایم ایل (ن) ضلع جنوبی کے سینئر نائب صدر عقیل رحمانی کے دفتر پر گزشتہ شب حملہ کیا گیا تھا ۔ حملے میں عقیل رحمانی کو چھ گولیاں لگی تھیں۔

لیگی رہنما کے دفتر پر فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی تھی۔ سیکیورٹی اداروں نے فوری طور پر علاقے کی ناکہ بندی کرکے قاتلانہ حملے میں ملوث ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

ایس ایس پی سٹی ڈویژن شیراز نذیر کے مطابق لیاری میں مسلم لیگ (ن) کے دفتر پر ہونے والی فائرنگ کے بعد علاقے میں تلاشی کا عمل جاری تھا کہ ملزمان سے کلاکوٹ میں مقابلہ ہوگیا۔

انہوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم بھی برآمد ہوئے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عقیل رحمانی پر ہونے والا یہ آٹھواں حملہ تھا، گزشتہ ماہ بھی ان پر حملہ کیا گیا تھا۔ اس سے قبل ہونے والے حملوں کے مقدمات تھانہ کلاکوٹ میں درج ہیں۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق ن لیگی رہنما پر حملوں کی ایف آئی آرز میں زاہد لاڈلا کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں