اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ ان کی جماعت چیئرمین نیب کو طلب کرنے کے لئے کمیٹی بنانے کی مخالفت کرے گی، جبکہ دیگر اپوزیشن جماعتوں نے فیصلہ کرنے کے لئے وقت مانگ لیا۔
پیپلزپارٹی کے رہنما سید نوید قمر کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت وزیر اعظم کی تجویز کی حمایت کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کرے گی۔
جماعت اسلامی کی طرف سے عائشہ سید نے کہا کہ ہمیں اداروں اور انصاف کے قتل سے بچنا چاہئے۔
جمیعت علمائے اسلام (ف) کی نمائندگی کرتے ہوئے نعیمہ کشور نے کہا کہ اگر نیب کے خلاف حکومت کو شکایت تھی تو اسے قانون سازی کرنی چاہیے تھی۔
ایم کیو ایم کے رہنما شیخ صلاح الدین کے مطابق ان کی جماعت اس معاملے پر مشاورت کر کے دو دن بعد جواب دے گی۔
محمود خان اچکزئی کہا کہ نوازشریف کے خلاف الزامات کی تحقیقات ہونی چاہیے اوراگر الزامات غلط ثابت ہوتے ہیں تو چیئرمین نیب کا علاج کرنا چاہیے۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب نے اپوزیشن کے جواب میں کہا کہ اگر ہم متحد نہ ہوئے تو پھر اگلی باری آپ کی ہو گی۔
وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے تجویز پیش کی تھی کہ میاں نواز شریف کو منی لانڈرنگ کے معاملے پرنوٹس بھیجنے پہ چیئرمین نیب کو پارلیمنٹ میں طلب کیا جائے۔
اپوزیشن کی جانب سے کوئی واضح موقف اختیار نہ کرنے کے بعد وزیر اعظم کی تجویز مزید مشاورت کے لیے مؤخر کر دی گئی۔