اسلام آباد: سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے قومی احتساب بیورو ( نیب ) میں ترمیم کی پیشکش عجلت میں کی ہے۔
سینیٹر شیری رحمان نے وزیراعظم کی پیشکش پراپنے رد عمل میں کہا کہ اب نئے مینڈیٹ کا وقت قریب آ گیا ہے، جب نیب کی تلوار گرتی ہے تو پیشکش کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں نیب کی کارروائیوں کے دوران پارٹی رہنماؤں کو گھسیٹا جاتا رہا، وزرا کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل ) میں ڈالے گئے لیکن یہاں قانونی کارروائیوں پر کہا جاتا ہے کہ ہم سیاسی شہید ہیں، یہاں پر لوگ تو پروٹوکول میں پیشیاں بھگتتے ہیں۔
نیب نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف میڈیا رپورٹس پرمنی لانڈرنگ کی تحقیقات کا اعلان کیا تھا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بدھ کو قومی اسمبلی میں بیان دیا کہ نیب کیا کررہا ہے اور کس طرح سے الزام لگا رہا ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب بھی وقت ہے احتساب کے قانون میں ترمیم کرنے پر جو اتفاق ہوا تھا اس پر فیصلہ کرلیں، ہم اس سیشن میں ہی ترمیم کرنے پر تیار ہیں۔
وزیراعظم نے نیب کی جانب سے نوازشریف کے خلاف تحقیقات کے خلاف خصوصی کمیٹی بنانے اور متفقہ قرارداد منظورکرنے کا بھی مطالبہ کیا۔